جوہانسبرگ ٹیسٹ میں پاکستانی باوٴلرز کا زبردست کم بیک۔۔ دیکھتے ہی دیکھتے کتنے رنز پر جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم کو آوٴٹ کر دیا؟ - Daily Qudrat
Can't connect right now! retry

جوہانسبرگ ٹیسٹ میں پاکستانی باوٴلرز کا زبردست کم بیک۔۔ دیکھتے ہی دیکھتے کتنے رنز پر جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم کو آوٴٹ کر دیا؟


جوہانسبرگ(قدرت روزنامہ)تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کے آخری مقابلے میں جنوبی افریقی ٹیم 262رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئی ہے. جوہانسبرگ کے وانڈررز کرکٹ گراﺅنڈ میں کھیلے جارہے میچ میں میزبان ٹیم کے کپتان ڈین ایلگر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور ایڈن مرکرام کے ہمراہ انہوں نے اننگز کا آغاز کیا تاہم کپتان ایلگر 4رنز بنا کر محمد عباس کا شکار بن گئے ،مارکرم او ر ہاشم آملا نے دوسری وکٹ کے لیے 126رنز جوڑے ،اس دوران مارکرم نے اپنی5ویں ٹیسٹ نصف سنچری بھی مکمل کی،وہ 90رنز بنا کر فہیم اشرف کا شکار بن گئے ، ہاشم آملا بھی اپنے آغاز کا فائدہ نہ اٹھا سکے اور41رنز بنا کر شاداب خان کا شکار بنے ،ڈی برائن اور زبیر حمزہ نے چوتھی وکٹ کے لیے75رنز جوڑے جس کے بعد ڈی برائن 49رنز بنا کر عباس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آﺅٹ ہوئے،میزبان ٹیم کی آخری 7وکٹیں محض33رنز پر گریں اور پوری ٹیم 262رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئی .

پاکستان کے لیے فہیم اشرف نے3جبکہ محمد عباس،حسن علی اور محمد عامر نے2،2اور شاداب خان نے ایک وکٹ لی . میزبان ٹیم کو سیریز میں2-0کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے اور پاکستان کرکٹ ٹیم کو جنوبی افریقی ٹیم کے ہاتھوں مسلسل دوسرے وائٹ واش کا سامنا ہے.ابتدائی دو میچز میں شکست کے بعد قومی ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئیں، فخرزمان، یاسر شاہ اور شاہین شاہ آفریدی ٹیم کا حصہ نہیں ہیں . قومی ٹیم امام الحق، شان مسعود، اظہر علی، اسد شفیق، بابراعظم، کپتان سرفراز احمد، شاداب خان، فہیم اشرف، محمد عامر، محمد عباس اور حسن علی پر مشتمل ہے.فاف ڈوپلیسی پر ایک میچ کی پابندی کے باعث ڈین ایلگر جنوبی افریقی ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں اور ٹیم میں ان کی جگہ زبیر حمزہ کو شامل کیا گیا ہے.میزبان ٹیم ایڈن مرکرام، ہاشم آملہ، تھینس ڈی بریون، ٹمبا باووما، زبیر حمزہ، کوئنٹن ڈی کوک، ورنن فلینڈر، کگیسو رابادا، ڈیل سٹین اور ڈین اولیوئیر پر مشتمل ہے.پاکستانی ٹیم نے آج تک وانڈررز میں کوئی ٹیسٹ میچ نہیں جیتا ہے. 1998 ءمیں چوتھا دن بارش کی نذر ہونے سے پاکستان نے یہاں ایک ٹیسٹ ڈرا کیا تھا. پاکستانی بیٹنگ جنوبی افریقہ کے پیس اٹیک کے خلاف مشکلا ت سے دوچار رہی ہے.

..

مزید خبریں :

Load More